سری نگر/لکھنؤ ، 11جولائی (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے بٹنگو میں ہونے والے حملے کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ اس حملے میں 7امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ کم از کم ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے ۔محترمہ مفتی نے گذشتہ رات اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ سے ہم سب کشمیریوں کے سر جھک گئے ہیں۔ یہ لوگ تمام مشکلوں کے باوجود یہاں یاتری کیلئے آتے ہیں۔ آج 7 لوگ اس میں جاں بحق ہوگئے ۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس سے بڑا سانحہ کوئی ہو نہیں سکتا۔ انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اس حملے کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ جو بھی اس میں ملوث ہیں، انہوں نے آج مسلمانوں اور کشمیریوں کے نام پر ایک بڑا دھبہ لگادیا۔ میں امید کرتی ہوں کہ جو لوگ اس میں ملوث ہوں گے ان کو فوری طور پر پکڑ کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ محترمہ مفتی نے کہا کہ حملے میں 7 یاتری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے میں سات یاتری جاں ہوئے ہیں جن میں خواتین کی تعداد6 ہے ۔ ان کی گاڑی خراب ہوئی تھی جس کی وجہ سے ان کو جموں کے لئے روانہ ہونے میں تاخیر ہوئی تھی۔